غم نہ کریں | شاہکار عربی کتاب “لاتحزن” کا اُردو ترجمہ
تالیف: ڈاکٹر عائض القرنی
مترجم: غطریف شہباز ندوی
عوامی ایڈیشن | ضخامت 550 صفحات
دُنیا بھر میں دیکھتے ہی دیکھتے ایک ملین فروخت ہونے والی کتاب
یہ کتاب ایک سنجیدہ تحقیقی اور جاذب نظر مطالعہ ہے۔ انسانی زندگی کا المیہ اس کا موضوع ہے، جس میں انسان
کو اضطراب و قلق، حیرانی و سرگشتگی، عدم اعتماد و بدشگونی، رنج و فکر، تنگ دلی و مایوسی، ناکامی اور نامرادی
جیسی نفسیاتی کیفیات سے سابقہ پڑتا ہے۔ یہ کتاب وحی الٰہی کے نور، سنت کی رہنمائی اور انسانی فطرت سلیمہ کے
بہترین تجربوں، زندہ مثالوں خوشگوار قصوں اور دل فریب ادب کی روشنی میں زمانہ کی مشکلات و مسائل کا حل پیش
کرتی ہے۔ اس میں صحابہ کرام کے اقوال، تابعین عظام کے نصائح، بڑے شعرا کے لطیف اشعار، نامور اطبا و حکما کے
مشوروں اور سائنس دانوں کی رہنمائی سے بھی فیض اٹھایا گیا ہے۔ بیچ بیچ میں مشرق و مغرب اور قدیم و جدید کی وہ باصواب
تحقیقات بھی پیش کر دی گئی ہیں جو ذرائع ابلاغ، اخبارات و رسائل، خبرناموں، ضمیموں اور سہ ماہی مجلّوں میں شائع ہوتی
رہی ہیں۔ کہا جا سکتا ہے کہ یہ کتاب ایک لطیف معجون مرکب ہے جسے آزمودہ نسخوں کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ اختصار
کے ساتھ قاری کے لیے اس کا پیام یہ ہے کہ ’’مطمئن و شاداں رہیں، خوش ہوں، اُمید رکھیں اور غم نہ کریں۔‘‘ انسانی زندگی کو
خوشگوار کیسے بنایا جائے؛ اس پر بہت لکھا جا رہا ہے اس کتاب کے ساتھ ہی سینکڑوں رسالے منظر عام پر آ چکے ہوں گے
تاہم اس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ہر صاحب عقل سلیم اور اہل دل کے لیے کھلا خط ہے۔ ایک ٹوٹے اور درد مند دل سے یہ
صدائیں نکلی ہیں جو الفاظ میں ڈھل گئی ہیں۔ یہ كتاب متنبّی کے اس شعر کے مطابق ہو گئی ہے جس کا مفہوم یہ ہے: ’’تم عاشق زار
کو ملامت کا حق اس وقت تک نہیں رکھتے جب تک اس کی طرح عشق پیچاں تمہاری بھی رگ رگ میں نہ اُتر جائے۔‘‘ بار الٰہ!
اس چھوٹے سے کام اور معمولی سی محنت کو قبول فرما تو عظیم و جلیل ہے تو ہی معبود برحق ہے۔
(ڈاکٹر عائض القرنی)
Reviews
There are no reviews yet.